گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کے چیئرمین اور سروس گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن عمر سعید نے ملاقات کی
گورنر خیبرپختونخوا سے ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کے چیئرمین اور سروس گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کے چیئرمین اور سروس گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن عمر سعید نے ملاقات کی ۔اس موقع پر خیبرپختونخوا میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور نجی شعبے کے تعاون سے معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے پشاور ایکسپو سنٹر کے کام کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا اور منصوبہ کی جلد تکمیل کو ضروری قرار دیا تاکہ مذکورہ سنٹر کی تکمیل سے صوبہ کی صنعت کو ترویج دینے کا پلیٹ فارم مہیا ہو۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں صنعتوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل اور افرادی قوت کے اعتبار سے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدلتے عالمی حالات میں پاکستان دنیا کی نگاہوں کا مرکز ہے اور پاکستان میں سب سے زیادہ معاشی ترقی کے مواقع خیبرپختونخوا میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کا کردار معیشت کی مضبوطی اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔اس موقع پر عمر سعید نے پشاور ایکسپو سنٹر میں ایک ہال کی تعمیر کے منصوبہ کو جلد عملی جامہ پہنانے پر اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے سروس گروپ کی مختلف صنعتی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں اور گروپ کی رفاحی اور عوامی خدمت کے حوالہ سے جاری سرگرمیوں سے گورنر کو آگاہ کیا اور خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جنید الطاف بھی اس موقع پر موجود تھے۔








