کچا سٹاپ آئی جے پی روڈ کے قریب سیوریج ڈرین میں ڈوبنے والے 7 سالہ بچے وصال ولد فرہاد کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 راولپنڈی کا سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا، تاہم آخری اطلاعات تک بچے کا کوئی سراغ نہیں مل سکا
سیوریج ڈرین میں ڈوبنے والے 7 سالہ بچے کی تلاش دوسرے روز بھی جاری، ریسکیو 1122 کا وسیع سرچ آپریشن

مزید خبریں
راولپنڈی۔18جون (اے پی پی):کچا سٹاپ آئی جے پی روڈ کے قریب سیوریج ڈرین میں ڈوبنے والے 7 سالہ بچے وصال ولد فرہاد کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 راولپنڈی کا سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا، تاہم آخری اطلاعات تک بچے کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع 17 جون کو شام 6 بج کر 25 منٹ پر موصول ہوئی، جس پر امدادی ٹیمیں 10 منٹ کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ قائم کرکے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن میں 10 ایمرجنسی گاڑیاں، 4 میریئن ریسکیو سروسز یونٹس، 2 واٹر ریسکیو وہیکلز، 2 فائر وہیکلز، ایک ریسکیو وہیکل اور ایک ایمبولینس سمیت تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ 4 تربیت یافتہ غوطہ خوروں، 12 تیراکوں اور متعدد ریسکیورز پر مشتمل ٹیمیں مختلف مقامات پر سرچ آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔بچے کی تلاش کے لیے سرچ ٹیموں نے مختلف سیکٹرز قائم کر رکھے ہیں، جہاں لائن سرچ، اسکوبا ڈائیونگ، پیدل تلاش اور زیر زمین نالوں میں خصوصی آلات (SCBA) کی مدد سے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ دوسرے روز روشنی ختم ہونے تک تقریباً ساڑھے چار کلومیٹر طویل ڈرینج چینل کی مکمل تلاشی لی جا چکی تھی۔ریسکیو حکام کے مطابق سرچ آپریشن کو مؤثر بنانے کے لیے مرکزی نالے میں موجود رکاوٹوں اور جمع شدہ ملبے کو ہٹانے کے لیے ایکسکیویٹر مشینوں کی مدد بھی حاصل کی جا رہی ہے، کیونکہ خدشہ ہے کہ تیز پانی کے بہاؤ کے باعث بچہ یا اس کی لاش کسی مقام پر ملبے میں پھنس گئی ہو۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر صبغت اللہ کی نگرانی میں ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیمیں بچے کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل اور پیشہ ورانہ مہارتیں بروئے کار لا رہی ہیں۔ ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیوریج ڈرینز، نالوں اور برساتی پانی کے راستوں کے قریب بچوں کی حفاظت اور نگرانی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں۔







