فیول کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے فول پروف میکانزم ناگزیر ہے، جام کمال خان

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام دکانوں اور روزمرہ کی اشیا پر منتقل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ایک فعال میکانزم کی ضرورت ہے

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام دکانوں اور روزمرہ کی اشیا پر منتقل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ایک فعال میکانزم کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ جیسے ہوائی اور ٹرین سفر جیسے بڑے شعبوں میں کرایوں میں فوری کمی دیکھنے کو ملتی ہے، وہی عام مارکیٹوں میں قیمتوں کو کنٹرول کرنا مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے تاہم کاروباری طبقے کو بھی قیمتیں ایڈجسٹ کرنے کیلئے کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا کہنا تھا کہ عام دکانوں پر اشیا کی قیمتوں کی نگرانی کیلئے آج کے دور میں ہائی ٹیکنالوجی کی مدد سے انتہائی آسان اور موثر نظام نافذ کیا جا سکتا ہے اور ممکنہ طور پر صوبائی حکومتیں اس سمت میں کام بھی کر رہی ہیں۔ انہوں نے عوامی شکایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام ہمیشہ یہ چاہتے ہیں کہ ایسا سسٹم موجود ہو جس کے تحت فیول سستا ہوتے ہی قیمتوں پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔جام کمال خان نے تاجروں اور مارکیٹ کے مروجہ طریقہ کار کا احاطہ کرتے ہوئے اس بات کی وضاحت بھی کی کہ جب کوئی دکاندار یا سپلائر 15 سے 20 دن تک مہنگا فیول خرید کر مصنوعات تیار یا منتقل کرتا ہے، تو پٹرول کی قیمت میں اچانک ایک دن کی کمی سے اس کا سابقہ نقصان فوری طور پر پورا نہیں ہوتا۔ جو لوگ پچھلے دو تین ہفتوں سے مہنگے تیل پر مال لا رہے ہیں یا بیچ رہے ہیں، وہ اگلے ہی دن قیمتیں کم نہیں کر پاتے اور انہیں اس تبدیلی کیلئے یقیناً کچھ وقت لگتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس پورے عمل کو مربوط بنانے کے لیے ایک مستقل میکانزم کا اِن پلیس ہونا ضروری ہے، جس پر آہستہ آہستہ کام ہو رہا ہے لیکن اس کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں