لاہور۔20جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنماوں نے سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کو انکی73ویں سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو جمہوریت کی شہید اور پوری پاکستانی قوم کی امید تھیں۔اپنے الگ الگ پیغامات میں پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف،جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی اور سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ دختر مشرق …
پی پی پی رہنماؤں کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کو انکی73ویں سالگرہ پر خراج عقیدت

مزید خبریں
لاہور۔20جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنماوں نے سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کو انکی73ویں سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو جمہوریت کی شہید اور پوری پاکستانی قوم کی امید تھیں۔اپنے الگ الگ پیغامات میں پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف،جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی اور سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ دختر مشرق کی جمہوری و سیاسی جدوجہد کربلا کا عکس تھی۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بی بی شہیدکی شخصیت نہ جھکنے کے کربلائی پیغام سے جڑی نظر آتی ہے،وہ نہ صرف پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم بلکہ جمہوریت، مساوات اور عوامی حقوق کی علامت تھیں۔انہوں نے کہا کہ غریبوں اور مظلوموں کے حقوق کے لیے انکی جدوجہد عاشورائی تھی۔بے نظیر بھٹو کی یاد ہمیں بتاتی ہے کہ ظلم کے سامنے جھکنا نہیں،کھڑے ہونا ہے۔
جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا کہ فخر ہے کہ ہم بینظیر بھٹو کا ظلم و نا انصافی کے سامنے ڈٹ جانیکا پیغام لیکر چل رہے ہیں،دختر مشرق نے اپنے سیاسی وژن سے پاکستان پیپلز پارٹی کو ملک کی بڑی جماعت بنایا اور پسماندہ طبقات،خواتین اور اقلیتوں کیلئے انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ محترمہ نے میثاق جمہوریت کر کے ملک میں سیاسی برداشت اور مزاکرات کی بنیاد رکھی۔
سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ دختر مشرق نے بی بی زینب کے صبر و برداشت کو اپنی طاقت بنایا،وہ مسلم دنیا کی پہلی منتخب وزیر اعظم تھیں،جو مردانہ معاشرے میں خواتین حقوق کی علامت بن گئیں۔
انہوں نے ’’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘‘ کے نعرے کو عملی شکل دیکر دکھایا۔شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ ان کا سیاسی سفر قربانیوں، جلاوطنی، نظربندی اور بالآخر شہادت پر مشتمل تھا، بلاول بھٹو انکے قول ’’تم ایک شخص کو قید کر سکتے ہو،خیال کو نہیں‘‘ کی عملی تفسیر ہیں۔








