آئی جی اسلام آباد کا محرم الحرام میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے مئوثر اقدامات کا جائزہ اجلاس

آئی جی اسلام آباد کا محرم الحرام میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے مئوثر اقدامات کا جائزہ اجلاس

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد نے محرم الحرام میں سی ٹی ڈی اورسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ( ایس ڈبلیو اے ٹی) فورس کی تعیناتیوں، سپیشل آپریشنز اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے موثر اقدامات کا جائزہ لیا،انہوں نے سینئر پولیس افسران کو تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے محفوظ اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کےخصوصی احکامات جاری کئے۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی رات گئے تک اہم اجلاسوں اور سکیورٹی امور کے جائزے میں مصروف رہے۔

اس سلسلے میں انہوں نے ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، اے آئی جی آپریشنز/ایس ایس پی سی ٹی ڈی سعود خان اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات، فیلڈ ڈپلائمنٹ اور شہریوں کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران محرم الحرام میں سی ٹی ڈی اور ایس ڈبلیو اے ٹی فورس کی تعیناتی،خصوصی آپریشنز اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے موثر حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے سینئر پولیس افسران کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے امام بارگاہ اثناءعشری جی سکس ٹو، امام بارگاہ باب العلم آئی ایٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں گے اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی اسلام آباد میں قائم مرکزی کنٹرول روم سے جدید کیمروں اور مانیٹرنگ سسٹمز کے ذریعے تمام جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ داخلی و خارجی راستوں پر موثر چیکنگ، مناسب پارکنگ، بہتر روشنی اور دیگر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب وسائل کا بھرپور استعمال کیا جائے۔ تمام سینئر افسران، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز فیلڈ میں موجود رہیں گے اور سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل اور موثر کوآرڈینیشن برقرار رکھی جائے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت اور موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔