روس یوکرین سے مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہے، وزیر خارجہ سرگئی لاوروف
روس یوکرین سے مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہے، وزیر خارجہ سرگئی لاوروف
ماسکو۔25جون (اے پی پی):روس نے کہاہے کہ وہ یوکرین سے مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہے۔شنہوا کے مطابق روس کے وزیر خارجہ وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس یوکرین کے ساتھ مذاکرات کے لیے کسی بھی وقت تیار ہے اور موجودہ تنازع کے سیاسی و سفارتی حل کے امکانات اب بھی موجود ہیں۔
ماسکو میں 12ویں بین الاقوامی فورم "پریماکوف ریڈنگز” سے خطاب کرتے ہوئے لاوروف نے کہا کہ جب بھی مذاکرات کی میز سجائی جائے گی اور دوسری جانب سے سنجیدہ تجاویز اور مناسب نمائندے موجود ہوں گے، روس ان تجاویز پر غور کرنے کے لیے تیار ہوگا، تاہم صرف زبانی یقین دہانیوں پر بھروسہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ روس نے یوکرین کو تجویز دی ہے کہ مذاکراتی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے اپنے وفد کی قیادت کا درجہ بلند کرے اور انسانی، سیاسی اور عسکری امور پر مشتمل تین الگ الگ ورکنگ گروپس قائم کیے جائیں۔روسی وزیر خارجہ کے مطابق ماسکو امریکی صدر ڈونلڈ ٹر مپ کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر کے ممکنہ دورے کے حوالے سے بھی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس ان کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز سننے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مغربی ممالک کو روس کے بنیادی قومی مفادات کا احترام کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق یوکرین بحران کے پائیدار حل کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے جائز مفادات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کے دوران یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب عالمی برادری جنگ کے خاتمے اور سفارتی حل کی کوششوں پر زور دے رہی ہے۔









