حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں محرم الحرام کے دوران طبی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کےلیے انتظامات مکمل

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں محرم الحرام کے دوران طبی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کےلیے انتظامات مکمل

پشاور۔ 25 جون (اے پی پی):حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں محرم الحرام کے دوران مریضوں کو بروقت اور مسلسل طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کےلیے گزشتہ روز انتظامی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد خان نے کی۔ اجلاس میں تمام شعبہ جات کے سربراہان، یونٹ انچارجز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران محرم الحرام کے ایام میں ہسپتال کے تمام اہم شعبہ جات کی فعالیت، ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ڈیوٹی روسٹرز، ایمرجنسی سروسز اور دیگر ضروری طبی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد خان نے ہدایت کی کہ 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی ایمرجنسی سروسز سمیت تمام ضروری طبی سہولیات معمول کے مطابق فعال رہیں گی جبکہ ڈاکٹرز اور متعلقہ عملے کی موجودگی یقینی بنانے کے لیے خصوصی ڈیوٹی روسٹرز ترتیب دیے جائیں گے۔

تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے متعلقہ ڈاکٹرز اور عملے کے ڈیوٹی روسٹرز بروقت مرتب کرکے جمع کروائیں تاکہ محرم الحرام کے دوران مریضوں کو علاج معالجے کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس انتظامیہ کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران بھی ایمرجنسی سمیت تمام ضروری طبی خدمات 24 گھنٹے جاری رہیں گی۔