محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر قصور

"محرم الحرام بالخصوص یومِ عاشورہ کے موقع پر امن و امان کے قیام، عزاداران کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کے جائزے کے لیے مشترکہ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔”

قصور۔ 25 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا اور ڈی پی اوقصور آفتاب احمد پھلروان کی زیرنگرانی محرم الحرام بالخصوص یومِ عاشورہ کے موقع پر امن و امان کے قیام، عزاداران کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کے جائزہ کیلئے پاک آرمی، قصور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے مشترکہ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔

فلیگ مارچ میں ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قصور آفتاب احمد پھلروان، پاک آرمی کے افسران اور پولیس کی بھاری نفری نے شرکت کی۔ فلیگ مارچ شہر کے مختلف اہم مقامات، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس سے گزرا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں تاکہ عزاداران کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر صفائی ستھرائی، روشنی، پینے کے صاف پانی، طبی سہولیات اور دیگر انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران تمام انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قصور آفتاب احمد پھلروان نے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد یومِ عاشورہ کے موقع پر شہریوں میں احساسِ تحفظ پیدا کرنا اور سکیورٹی اداروں کی تیاری کا عملی مظاہرہ کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نقصِ امن کا سبب بننے والے، اشتعال انگیزی اور انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ پولیس فورس امن و امان کے قیام اور عزاداران کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔فلیگ مارچ کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قصور پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پاک آرمی باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت یومِ عاشورہ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں گے تاکہ محرم الحرام کے تمام پروگرام پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں