پاکستانی وفد کی استنبول میں ترک حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی توانائی مشاورتی اجلاس میں شرکت
پاکستان اور ترکیہ کے مابین استنبول میں پاور سیکٹر کی نجکاری اور اصلاحات پر اعلیٰ سطحی مشاورت

مزید خبریں
اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے وفاقی وزیر برائے بجلی سردار اویس احمد خان لغاری کے ہمراہ ترکیہ کے وزیر برائے توانائی و قدرتی وسائل الپرسلان بائراکتر کی دعوت پر استنبول میں ترک حکام کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کی قیادت کی۔
سٹریٹجک تبادلہ خیال میں پاور سیکٹر کی نجکاری، کمرشلائزیشن، سرمایہ کاری کے فروغ اور شعبہ جاتی اصلاحات پر گفتگو کی گئی۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جمعرات کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے وزیر بائراکتر کے ساتھ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری، نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور نجی شعبے کی شراکت کے ذریعے آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے میں ترکیہ کے کامیاب تجربات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ محمد علی نے بہترین بین الاقوامی طریقہ کار کے مطابق شفاف اور مسابقتی بنیادوں پر سرمایہ کار دوست نجکاری پروگرام کے نفاذ کے لیے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پاور سیکٹر میں سٹریٹجک لین دین پر عمل پیرا ہے اور کامیاب عالمی تجربات سے مستفید ہونے کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ منسلک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پالیسی میں تسلسل، متعین ریگولیٹری نظام، بہتر کارپوریٹ گورننس اور تجارتی طور پر قابل عمل مارکیٹ کے ڈھانچے کے ذریعے نجی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وفاقی وزیر برائے بجلی سردار اویس احمد خان لغاری نے پاور سیکٹر میں اصلاحات، گورننس میں بہتری اور پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری ریگولیٹری پیش رفت پر گفتگو میں حصہ لیا۔ اویس لغاری نے ترک فریق کو پاور سیکٹر میں اصلاحات کے لیے حکومت کی جاری کوششوں سے آگاہ کیا، جس میں تقسیم کار کمپنیوں کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے، نقصانات کو کم کرنے، گورننس کو مضبوط بنانے اور بجلی کی مارکیٹ کی مجموعی کارکردگی کو بڑھانے کے اقدامات شامل ہیں۔ ترک فریق نے بجلی کی تقسیم کا کمپنیوں کی نجکاری، ریگولیٹری فریم ورک اور پاور سیکٹر گورننس میں تکنیکی مہارت اور ادارہ جاتی تجربہ شیئر کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کیا۔ وزیر بائراکتر نے متعلقہ ترک اداروں، سرمایہ کاروں اور پاکستانی حکام کے درمیان معلومات کے تبادلے اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ فریقین نے ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے اور پاور سیکٹر کی نجکاری، ریگولیٹری صلاحیت کی تعمیر، گورننس اصلاحات اور نجی شعبے کی شراکت سے متعلق شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں اور توانائی کمپنیوں کو پاکستان کی جاری نجکاری اور توانائی کے شعبے میں تبدیلی کے اقدامات میں حصہ لینے کی ترغیب دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس توانائی کے شعبے میں پاکستان-ترکیہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ ترکیہ نے پاکستان کی نجکاری اور اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کا اظہار کیا اور ترک سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان کے پاور سیکٹر میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کا خیرمقدم کیا۔








