سانحہ کربلا صبر، استقامت، ایثار، قربانی اور حق کی خاطر ڈٹ جانے کی لازوال داستان ہے، شفیع جان

شفیع جان: سانحہ کربلا صبر، استقامت اور حق کی خاطر ڈٹ جانے کی لازوال داستان ہے

پشاور۔ 25 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے و زیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ سانحہ کربلا صبر، استقامت، ایثار، قربانی اور حق کی خاطر ڈٹ جانے کی لازوال داستان ہے جو رہتی دنیا تک پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ رہے گا۔

دس محرم الحرام، یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار رفقاء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حق کی سربلندی اور باطل، ظلم و جبر کے خلاف ان کی عظیم قربانی تاریخ انسانیت کا ایک بے مثال باب ہے۔شفیع جان نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی سیرت مبارکہ ہمیں ایثار، قربانی، ظلم کے خلاف مزاحمت اور انصاف و سچائی کے ساتھ کھڑے رہنے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ حق اور انصاف کے اصولوں پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے محرم الحرام کے دوران قومی یکجہتی، بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، مشائخ عظام اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ امن، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں ہمیں اتحاد، برداشت، صبر اور حق و انصاف کے اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتی ہیں۔ ان سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم ایک پرامن، مضبوط اور متحد معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنا سکتے ہیں۔