"مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے بھارتی سکھ یاتریوں کا لاہور پہنچنے پر خیرمقدم کیا گیا۔”
مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کرنے والے بھارتی سکھ یاتری لاہور پہنچ گئے
لاہور۔27جون (اے پی پی):متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے واہگہ بارڈر کے راستے 21 جون کو پاکستان آئے بھارتی سکھ یاتری طے شدہ شیڈول کے مطابق مختلف مقدس مقامات کی یاترا مکمل کرنے کے بعد لاہور پہنچ گئے۔
ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق یاتریوں نے اپنے دس روزہ دورہ پاکستان کے دوران گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، گردوارہ سچا سودا فاروق آباد، گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال، گردوارہ دربار صاحب کرتارپور اور گردوارہ روڑی صاحب ایمن آباد سمیت دیگر مقدس گردواروں میں حاضری دی، مذہبی رسومات ادا کیں اور اپنے عقیدت کا اظہار کیا۔لاہور پہنچنے پر بھارتی سکھ یاتری گردوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام پذیر ہیں، جہاں وہ آئندہ 2روز تک قیام کریں گے۔ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریب 29 جون کو گردوارہ ڈیرہ صاحب میں منعقد ہوگی، جبکہ مذہبی تقریبات کے اختتام پر یاتری 30 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہوں گے۔متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے گردوارہ ڈیرہ صاحب میں یاتریوں کے قیام کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شدید گرمی کے پیش نظر اضافی ایئر کنڈیشنرز نصب کیے گئے ہیں، بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اضافی جنریٹرز مہیا کیے گئے ہیں، جبکہ رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، طبی امداد اور منرل واٹر سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کی زیر نگرانی تمام انتظامات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سکھ یاتریوں کو محفوظ، پرامن اور دوستانہ ماحول فراہم کرنا متروکہ وقف املاک بورڈ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ مذہبی سیاحت، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے مقدس مقامات کی خدمت کے لیے بورڈ اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہا ہے۔









