"پی این پی سروے کے مطابق عوام کی اکثریت سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کی حامی ہے، تاہم چھوٹے کریئیٹرز کے لیے مناسب تحفظ اور سہولتوں کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔”
عوامی اکثریت سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی حامی، چھوٹے کریئیٹرز کے تحفظ کا مطالبہ، پی این پی سروے
اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):پاکستانی عوام کی اکثریت سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے حکومتی فیصلے کی حمایت کرتی ہےتاہم حکومت ایسی متوازن ٹیکس پالیسی اختیار کرے جو چھوٹے ڈیجیٹل کریئیٹرز کو تحفظ فراہم کرے اور ملک کی تیزی سے فروغ پاتی ڈیجیٹل معیشت کی حوصلہ شکنی نہ ہو۔
پریس نیٹ ورک آف پاکستان کے زیراہتمام سوشل میڈیا انفلوئنسر ٹیکس کے حوالے سے پی این پی سروے میں وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدنی پر 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنےکے فیصلےپر عوامی رائے حاصل کی گئی۔ فنانس بل 2026 کے تناظر میں مذکورہ سروے میں ملک بھر سے مختلف عمر، پیشوں اور شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد نے حصہ لیا، جن میں 45 فیصد مرد اور 55 فیصد خواتین شامل تھیں۔سروے کے نتائج کے مطابق عوام کی بڑی تعداد متفق ہے کہ ڈیجیٹل مواد کی تیاری کو بھی دیگر شعبوں کی طرح قومی ٹیکس نظام کا حصہ بننا چاہیے تاہم ساتھ ہی چھوٹے کریئیٹرز کے لیے ٹیکس میں رعایت، منصفانہ نظام اور حکومتی مراعات کو بھی ضروری قرار دیا گیا تاکہ پاکستان کی ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت متاثر نہ ہو۔شرکاء نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ اگر ٹیکس پالیسی متوازن نہ ہوئی تو یہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل شعبے میں آنے سے روک سکتی ہے۔ سروے نتائج کے مطابق 53.8 فیصد شرکاء کا ماننا ہے کہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ٹیکس عائد کرنے سے یوٹیوب سب سے زیادہ متاثر ہوگا جبکہ 24.6 فیصد کے نزدیک تمام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز یکساں طور پر متاثر ہوں گے۔ انسٹاگرام کو 9.2 فیصد، ٹک ٹاک کو 6.2 فیصد جبکہ فیس بک اور بلاگز/ویب سائٹس کو 3.1 فیصد شرکاء نے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا پلیٹ فارم قرار دیا۔ نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام یوٹیوب کو پاکستان کی ڈیجیٹل کریئیٹر اکانومی کا سب سے اہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم سمجھتے ہیں اور ان کے نزدیک ٹیکس کا سب سے زیادہ مالی اثر بھی یوٹیوب پر ڈیجیٹل مواد بنانے والوں پر پڑے گا۔ پریس نیٹ ورک آف پاکستان کی جانب سے پی این پی سروے کے نتائج 27 جون 2026 کو مرتب کرکے جاری کیے گئے جو فنانس بل 2026 کے تحت سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدنی پر مجوزہ 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کے حوالے سے عوامی رائے کا ایک اہم جائزہ پیش کرتے ہیں۔









