"اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، پوٹھوہار ریجن اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی بڑے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔”
اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلہ
اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، پوٹھوہار ریجن اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 35 منٹ پر آیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا جبکہ اس کی گہرائی 178 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، شانگلہ اور سوات سمیت متعدد علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ ماہرین کے مطابق زلزلے کی نسبتاً زیادہ گہرائی کے باعث اس کی لہریں وسیع علاقے تک محسوس ہوئیں تاہم سطح پر جھٹکوں کی شدت معتدل رہی۔زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان یا بڑے پیمانے پر مالی و انفراسٹرکچر کے نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ متعلقہ ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ماہرین ارضیات کے مطابق ہندوکش کا خطہ دنیا کے ان علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں زلزلوں کی سرگرمیاں زیادہ رہتی ہیں۔








