سعودی عرب کے علاقے نجران میں مصنوعی آبشاریں رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے دلچپسی کا باعث بنی ہوئی ہیں جنھیں دیکھنے کے لیے وہ بڑی تعداد میں یہاں کا رُخ کر رہے ہیں۔
سعودی عرب ، نجران کی مصنوعی آبشاریں رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے دلچپسی کا باعث ، بڑی تعداد یہاں کا رُخ کر ر ہی ہے
ریاض ۔29جون (اے پی پی):سعودی عرب کے علاقے نجران میں مصنوعی آبشاریں رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے دلچپسی کا باعث بنی ہوئی ہیں جنھیں دیکھنے کے لیے وہ بڑی تعداد میں یہاں کا رُخ کر رہے ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ آبشاریں اپنے بہتے پانی اور اُن کی روانی میں جادُوئی خوبصورتی اور دل کو موہ لینے والے مناظر کی نقیب ہیں اور تفریح کے ایسے ماحول کی تصویر بن جاتی ہیں جو علاقے میں موجود سیاحوں کے لیے دلکش نظارے کا رُوپ دھار لیتی ہے۔ اِس علاقے میں تعمیر کے جدید ڈیزائن کو استعمال میں لا کر چھ مصنوعی آبشاریں بنائی گئی ہیں جن کے لیے نجران کے علاقے اور یہاں کے پہاڑوں کی اونچی نیچی بناوٹ سے بھرپور فائدہ اُٹھایا گیا ہے۔ جدید ترین طرزِ تعمیر کی عکاسی کرنے والی اِن چھ آبشاروں میں شہزادہ جلوی بن عبدالعزیز پارک، الصفا پارک، العلم سکوائر، الحسین، الفیصلیہ اور العریسہ واٹر فال پارک کی آبشاریں شامل ہیں۔
یہ مقامات سیاحوں کی بڑی تعداد کی بھرپور توجہ حاصل کر رہے ہیں جہاں چٹانوں سے گرتا پانی موسیقی کے ساتھ ساتھ ایسے دل پسند مناظر کو جنم دیتا ہے جہاں پانی میں پائی جانی والی حرکت شام کی روشنیوں سے ہم آغوش ہو جاتی ہے۔ یہ ملاپ رفتہ رفتہ روشنی اور تاریکی کے سایوں میں حُسن و جمال کی اُس سطح کو چھونے لگتا ہے جو آبشاروں کے مسکن کو ایسی انفرادیت دیتا ہے جسے کہیں اور تلاش کرنا مشکل ہے۔ نجران کی بلدیہ اِس طرح کے سیاحتی مقامات کی تعمیر وترقی کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور مربوط خدمات کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے، اِن میں خاندانوں کے لیے بیٹھنے کا انتظام، پیدل چلنے والوں کے لیے علیحدہ سے مختص راستے، وافر مقدار میں سبزے سے بھرے ہوئے مقامات، پارکنگ کی سہولتیں ، باقاعدہ صفائی اور نگہداشت کا عمل سب مِل کر علاقے میں زندگی کے معیار کو بڑھانے میں اپنا اپنا کام کر رہے ہیں۔









