مون سون بارشوں کا آغاز جولائی 2026 کے پہلے ہفتے میں متوقع

مون سون بارشوں کا آغاز جولائی 2026 کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق 30 جون (شام/رات) سےایک مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):مون سون بارشوں کا آغاز جولائی 2026 کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق 30 جون (شام/رات) سےایک مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران بحیرۂ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں جبکہ خلیجِ بنگال سے مرطوب ہوائیں 02 جولائی سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونےکی توقع ہے ،ان موسمی نظام کے زیرِ اثرکشمیر میں 01 سے 06 جولائی کے دوران وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور میں کہیں کہیں پرآندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا میں 01 سے 05جولائی کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، کرک، ٹانک، لکی مروت، صوابی، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرم ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد،ہری پور، پشاور، مردان، ہنگو، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔

پنجاب میں 01 سے 06 جولائی کے دوران اسلام آباد/راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال جبکہ 03 سے 06 جولائی کے دوران ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، اوکاڑہ، قصور، نور پور تھل، بھکر، لیہ میانوالی، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ اور راجن پورمیں کہیں کہیں پرآندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں 01 سے05جولائی کے دوران دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچی، شگر میں وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان میں 01 سے 04جولائی کے دوران کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع ژوب، شیرانی، کوہلو، نصیر آباد،ہرنائی، سبی، بارکھان اور ڈیرہ بگٹی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔سندھ میں 03 اور 04جولائی کے دوران سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد،شہید بینظیر آباد، کشمور، شکارپور، گھوٹکی، خیرپور، قمبر شہدادکوٹ، نوشہرو فیروز میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر کے تحت اس دوران تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنےکے باعث کمزور تعمیرات ، سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔02سے 06 جولائی کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ 02سے 05 جولائی کے دوران کشمیر، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان کے مقامی ندی نالوں اور ڈی جی خان کے پہاڑی برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال (فلیش فلڈنگ) پیدا ہونے کا بھی امکان ہے۔

موسلادھار بارشوں کےباعث اسلام آباد/راولپنڈی،پشاور، نوشہرہ، سیالکوٹ،نارووال،گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آبادمیں شہری علاقوں میں01 سے04 جولائی کے دوران اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ پیش گوئی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر انتہائی احتیاط برتیں۔کسان حضرات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کوترتیب دیں اور مویشیوں کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔اس دوران ملک میں جاری گرم اور حبس کی شدت میں بتدریج کمی آنے کی توقع ہے، تمام متعلقہ اداروں کو ” الرٹ “رہنے اور کسی ناخشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

مزید خبریں