ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی سیالکوٹ کا اجلاس

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کے چوتھے اجلاس کا انعقاد کیا گیا ہے۔

سیالکوٹ ۔ 29 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کے چوتھے اجلاس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جاری بیان کے مطابق اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں، فیلڈ سرویلنس، ہاٹ اسپاٹس کی مانیٹرنگ اور محکمہ جاتی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی کے مؤثر تدارک کے لیے تمام متعلقہ محکمے بھرپور ذمہ داری اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ساتھ فیلڈ میں متحرک رہیں اور انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہاٹ سپاٹس کی سو فیصد کوریج، ان ڈور و آؤٹ ڈور سرویلنس، لاروا کی بروقت تلفی اور عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو ہر صورت روکا جا سکے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم چودھری نے بتایا کہ یکم جنوری سے 27 جون 2026 تک ضلع میں 1,541 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ صرف ایک کیس کنفرم ہوا جس پر فوری کیس رسپانس مکمل کر لیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق 1 لاکھ 53 ہزار 970 گھروں اور 38 ہزار 88 آؤٹ ڈور مقامات کی چیکنگ کی جا چکی ہے، جبکہ 2,802 ہاٹ سپاٹس کی سو فیصد مانیٹرنگ بھی مکمل کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام محکمے روزانہ کی بنیاد پر اپنی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائیں اور ڈینگی کے خلاف حکومتی پالیسی کے مطابق زیرو ٹالرنس کے تحت اقدامات جاری رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر شیراز مسعود ، اینٹومالوجسٹ سحرش خالد سمیت متعلقہ محکموں کے مقامی حکام نے بھی شرکت کی۔

مزید خبریں