وفاقی وزیر پارلیمانی امور سے امریکی سفارتخانے کے حکام کی ملاقات، عالمی امن کے لئے پاکستان کے ثالثی کے کردار کو سراہا

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے امریکی سفارتخانے کے حکام نے پیر کو ملاقات کی جس میں منسٹر قونصلر برائے پولیٹیکل افیئرز ٹیری سٹیئرز گونزالیز اور انٹرنل پولیٹیکل یونٹ چیف کیرن گلوسر شامل تھے۔ امریکی حکام نے عالمی امن کے لئے پاکستان کے ثالثی کے کردار کو سراہا ۔

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے امریکی سفارتخانے کے حکام نے پیر کو ملاقات کی جس میں منسٹر قونصلر برائے پولیٹیکل افیئرز ٹیری سٹیئرز گونزالیز اور انٹرنل پولیٹیکل یونٹ چیف کیرن گلوسر شامل تھے۔ امریکی حکام نے عالمی امن کے لئے پاکستان کے ثالثی کے کردار کو سراہا ۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جو کردار ادا کیا اس پر پوری دنیا سے پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سمیت دیگر ممالک کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کا اعتراف ہمارے لئے باعث فخر ہے۔

پاکستان خطے میں امن کو فروغ دینے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ان شاء اللہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت جلد ہی حتمی معاہدے میں بدلے گی۔امریکی اور ایرانی قیادت کےشکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس نے جس طرح پاکستانی قیادت کی تعریف کی وہ قابل تحسین ہے۔ امریکی سفارت کاروں نے کہا کہ کراچی میں رینجرز کیمپ آفس پر حملہ قابل مذمت ہے۔پاکستان میں دہشت گردی کے تمام واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔دہشت گردی کے خلاف پاکستان کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی روک تھام کے لئے ہرممکن اقدام کر رہی ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ وزارت پارلیمانی امور نے بجٹ سیشن سمیت تمام پارلیمانی معاملات میں مثبت کردار ادا کیا۔ وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ پارلیمان اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کام کرتے رہیں گے۔پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات رہے ہیں لیکن اب یہ مزید مضبوط ہوگئے ہیں۔یقیناً اب پاکستان سے تعلقات مزید مستحکم ہوگئے ہیں۔امریکا سے تجارتی، معاشی اور سفارتی تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔ امریکی حکام نے کہا کہ امریکا پاکستان سے ہر شعبے میں تعاون مزید بڑھائے گا۔

 

مزید خبریں