خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس ، مون سون بارشوں ، ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی فار ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

لاہور۔29جون (اے پی پی):صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی فار ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ پیر کو منعقدہ اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے وڈیو لنک کے ذریعے میں شرکت کی، اجلاس میں پی ڈی ایم اے کی مختلف سکیموں سمیت ایمرجنسی سروسز1122 سمیت تمام متعلقہ اداروں کی مون سون کے لئے کنٹی جنسی پلان، وسائل کی فراہمی اور ریسپانس میکنزم کا جائزہ لیا گیا۔

ڈی جی نے اجلاس کو بارشوں اور تیاریوں بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق ریسکیو آپریشنز کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، زیر غور سکیموں میں نارووال میں چک نہرا کے کٹائو سے بچائو، چتری گائوں تحصیل شکر گڑھ میں بین نالا کے ایروزو ایکشن کی چیکنگ اور بالاکی چک میں ایروزو ایکشن کی چیکنگ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیموں میں لیہ میں موضع سمرا نشیب اور موضع ٹھنڈ کلاں تحصیل میں دریائے سندھ کے کٹائو کی چیکنگ شامل ہے، سکیموں میں کلیال گائوں اور مرالہ کے مقام پر دریائے چناب کے کٹائو سے بچائو بھی شامل ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ان سکیموں میں موضع چک سکندر تحصیل سرائے عالمگیر کے قریب دریائے جہلم کے کٹائو سے بچائو، زرعی زمین اور مقامی آبادیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے شدید ایروزو ایکشن کی چیکنگ شامل ہے، اسی طرح بھنڈر تحصیل کھاریاں ضلع گجرات پر واقع گائوں چک سکندر کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حفاظتی اقدامات شامل ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ابھی تک13 کٹائو مخالف سکیمیں مکمل کی گئیں جبکہ 30 ہزار سےزیادہ افراد اور12 ہزار ایکڑ زمین کو محفوظ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب 2025 کے متاثرین کے نقصانات کا49 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم سے ازالہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع میں دریائوں کے پاٹ اور رود کوہیوں کے راستوں میں موجود تجاوزات کے خلاف آپریشن کی ہدایت کر دی گئی ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے تحت پنجاب کو فلڈ ریزیلیئنٹ بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پری ڈیزاسٹر اور پوسٹ ڈیزاسٹر میکانزم کو موثر بنایا جا رہا ہے، استعداد کار بڑھانے کیلئے راجن پور، سرگودھا اور جھنگ میں نئے وئیر ہاوسز تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے پانچوں دریاوں اور ہل ٹورنٹس میں وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر رسک اسسمنٹ سروے جاری ہے۔

 

مزید خبریں