لاہور ہائیکورٹ نے گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کی تعمیر کے باوجود 17 کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواست نمٹا دی
عدالت نے واجبات کی عدم ادائیگی کیخلاف درخواست نمٹا دی

مزید خبریں
لاہور۔30جون (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کی تعمیر کے باوجود 17 کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواست نمٹا دی اور سپرنٹنڈنٹ انجینئر گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو درخواست گزار کی زیر التوا درخواست قانون کے مطابق میرٹ پر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس احمد ندیم ارشد نے زین العابدین کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل صفدر شاہین نے عدالت کو بتایا کہ موکل نے اوپن بولی کے ذریعے گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کی تعمیر کا ٹھیکہ حاصل کیا، تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے منصوبہ مکمل کیا، مگر کام مکمل ہونے کے باوجود 17 کروڑ روپے کے واجبات ادا نہیں کیے گئے۔وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ادائیگی کے لیے سپرنٹنڈنٹ انجینئر گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو درخواست بھی دی گئی، تاہم اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، لہذا عدالت واجبات کی ادائیگی کا حکم دے۔دلائل سننے کے بعد عدالت نے سپرنٹنڈنٹ انجینئر کو درخواست گزار کی زیر التوا درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔








