عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے سڑکوں پر بڑھتے جان لیوا حادثات کی روک تھام کے لیے نیا عالمی تکنیکی ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے جو تین اہم شعبوں سے متعلق نئے قانونی رہنما اصول تیار کرے گا، ان عوامل کے باعث دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 11 لاکھ 90 ہزار افراد ٹریفک حادثات میں جان کی بازی ہار جاتے ہیں
عالمی ادارہ صحت کا سڑک حادثات میں کمی کے لیے نیا تکنیکی ورکنگ گروپ تشکیل

مزید خبریں
جنیوا۔1جولائی (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے سڑکوں پر بڑھتے جان لیوا حادثات کی روک تھام کے لیے نیا عالمی تکنیکی ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے جو تین اہم شعبوں سے متعلق نئے قانونی رہنما اصول تیار کرے گا، ان عوامل کے باعث دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 11 لاکھ 90 ہزار افراد ٹریفک حادثات میں جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔اماارتی نیوز ایجنسی وام نے ڈبلیو ایچ او کے حوالے سے بتایا کہ سڑک حادثات 5 سے 29 سال کی عمر کے بچوں اور نوجوانوں میں موت کی سب سے بڑی وجہ ہیں، دورانِ ڈرائیونگ توجہ کی کمی، غیر محفوظ رفتار، ناقص سڑکوں کا بنیادی ڈھانچہ اور موٹر سائیکلوں کی تیزی سے بڑھتی تعداد مہلک حادثات اور سنگین زخمی ہونے کی بڑی وجوہات ہیں۔ادارے کےانسداد تشدد و زخمی ہونے سے بچائو کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر نہان ٹران نے کہا کہ موجودہ قوانین اہم ضرور ہیں لیکن دنیا بھر میں ٹرانسپورٹ کے بدلتے حالات کے مطابق انہیں بھی جدید بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا ورکنگ گروپ ایسے رہنما اصول تیار کرے گا جو سائنسی شواہد، موجودہ ٹرانسپورٹ نظام اور جانیں بچانے والے موثر طریقوں پر مبنی ہوں گے۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق مجوزہ رہنما اصول تین اہم شعبوں پر مشتمل ہوں گے جن میں دورانِ ڈرائیونگ توجہ بٹنے کے اسباب( جن میں موبائل فون کا استعمال اور نئی گاڑیوں کی ٹیکنالوجیز شامل ہیں)،رفتار کے موثر انتظام اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور موٹر سائیکلوں و دیگر دو یا زیادہ پہیوں والی موٹر گاڑیوں کی حفاظت شامل ہے۔یہ رہنما اصول سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے، گاڑیوں کے معیار، ٹریفک قوانین پر عمل، حادثے کے بعد امدادی کارروائی اور انتظامی نظام سمیت ایک جامع قانونی فریم ورک فراہم کریں گے۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق ان رہنما اصولوں کا مسودہ 2027 کے وسط میں تیار کیا جائے گا جبکہ انہیں 2027 کے اختتام تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس میں ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ رہنما اصول محفوظ ٹرانسپورٹ نظام کے اصولوں پر مبنی ہوں، قانون سازی کے نتیجے میں عوامی رویوں میں آنے والی تبدیلیوں کو مدنظر رکھا جائے اور قانون سازی اور اس پر موثر عمل درآمد کے درمیان موجود فرق کو بھی دور کیا جائے۔یہ پیش رفت اقوام متحدہ کے سڑکوں کی حفاظت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے قبل سامنے آئی ہے جس میں عالمی رہنما 2030 تک سڑک حادثات میں ہونے والی اموات اور سنگین زخمیوں کی تعداد میں 50 فیصد کمی کے ہدف کے حصول کے لیے لائحہ عمل طے کریں گے۔






