اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور آئندہ سمسٹر سے تدریسی نصاب کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے کورسز سے لیس کر رہی ہے، وائس چانسلر

وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورپروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ آئندہ سمسٹر سے تدریسی نصاب کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے کورسز سے لیس کیا جا رہا ہے۔

بہاول پور۔ 01 جولائی (اے پی پی):وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورپروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ آئندہ سمسٹر سے تدریسی نصاب کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے کورسز سے لیس کیا جا رہا ہے۔ مستقبل میں ملکی اور غیر ملکی جاب مارکیٹ میں وہی گریجویٹس جگہ بناپائیں گے جنہیں آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر دسترس حاصل ہو گی۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی اساتذہ اور ایلومینائی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد، رجسٹرار محمد شجیع الرحمن ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شہزاد احمد خالد اور ایلومینائی ڈاکٹرشہاب یاسین، شہروز اشرف و دیگر موجود تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ میڈیا اسٹڈیز ، ریاضی، کلائمیٹ سائنسز اور کوانٹم کیمپوٹنگ کے شعبوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ماڈیولز اور پروگرام شامل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی داخلہ مہم میں اساتذہ کے ساتھ ساتھ ایلومینائی کابھی اہم کردار ہے اور یونیورسٹی ایلومینائی ممبران نے ہر قدم پر جامعہ کا ساتھ دیا ہے اور فال ایڈمیشن مہم میں بھی بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔