ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے ”ستھرا پنجاب“پرعملدرآمد کے سلسلے میں ملتان راؤنڈ اباؤٹ پارک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری صفائی ستھرائی، تزئین و آرائش، گرین ایریاز کی بحالی، موسمی پھولوں اور پودوں کی پنیری سمیت شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا
ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح شہریوں کو صاف ستھرا، خوشگوار اور صحت مند ماحول کی فراہمی ہے، ڈپٹی کمشنر بہاولپور

مزید خبریں
بہاولپور۔ 01 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے ”ستھرا پنجاب“پرعملدرآمد کے سلسلے میں ملتان راؤنڈ اباؤٹ پارک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری صفائی ستھرائی، تزئین و آرائش، گرین ایریاز کی بحالی، موسمی پھولوں اور پودوں کی پنیری سمیت شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔دورہ کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شگفتہ جبیں اور اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور سٹی اقراء مبین بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو پارک میں جاری صفائی، شجرکاری، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال اور خوبصورتی بڑھانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی کے مجموعی انتظامات، لانز کی حالت، درختوں اور پودوں کی دیکھ بھال، موسمی پھولوں کی پنیری اور شہریوں کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار اور رفتار کو مزید بہتر بنایا جائے اور تمام ترقیاتی و تزئین و آرائش کے کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ”ستھرا پنجاب“ کے تحت شہر بھر میں صفائی، خوبصورتی اور ماحول کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس مہم کا مقصد شہریوں کو صاف، سرسبز، خوبصورت اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ ادارے پوری ذمہ داری اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح شہریوں کو صاف ستھرا، خوشگوار اور صحت مند ماحول کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں، گرین بیلٹس اور دیگر عوامی مقامات کی مستقل نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ صفائی اور خوبصورتی کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہر کے تمام پارکوں اور گرین بیلٹس کی بہتر دیکھ بھال، شجرکاری، موسمی پھولوں کی کاشت اور صفائی ستھرائی کے اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے۔ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ افسران باقاعدگی سے فیلڈ میں موجود رہ کر جاری کاموں کی نگرانی کریں۔








