محکمہ مواصلات و تعمیرات حکومت بلوچستان نے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے منتخب ہونے والے 192 سب انجینئرز کی تقرری کے احکامات جاری کر دئیے ہیں
محکمہ مواصلات و تعمیرات بلوچستان کی کامیابی، 192 سب انجینئرز کی تقرری کے احکامات جاری

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 01 جولائی (اے پی پی):محکمہ مواصلات و تعمیرات حکومت بلوچستان نے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے منتخب ہونے والے 192 سب انجینئرز کی تقرری کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ اس اہم پیش رفت کو محکمہ کی کارکردگی استعداد کار اور صوبے میں روزگار کے مواقع بڑھانے کی جانب ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق نئی تقرریوں سے نہ صرف محکمہ مواصلات و تعمیرات کی افرادی قوت میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار اور معیار میں بھی بہتری آئے گی ۔اس اقدام سے صوبے کے مختلف اضلاع میں انفراسٹرکچر کی تعمیر، سڑکوں، پلوں اور دیگر عوامی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں مدد ملے گی۔ حکام نے کہاکہ 192 نئے سب انجینئرز کی شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتی بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے عمل میں لائی گئی جو حکومت بلوچستان کے میرٹ شفافیت اور گڈ گورننس کے عزم کا مظہر ہے۔
یہ پیش رفت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم کھوسہ کے وژن کے مطابق صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کی پالیسی کا اہم حصہ قرار دی جا رہی ہے ۔اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے کہا کہ ان تقرریوں سے ایک جانب تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں میسر آئیں گی جس سے بے روزگاری میں کمی آئے گی جبکہ دوسری جانب محکمہ مواصلات و تعمیرات کی تکنیکی صلاحیت میں اضافہ ہونے سے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی منصوبہ بندی اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی ۔عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت بلوچستان کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر بھرتیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیز کیا جا سکے۔








