پنجاب فوڈ اتھارٹی نے راولپنڈی میں ملاوٹی دودھ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 2 ہزار 800 لیٹر پانی ملا اور ناقص دودھ تلف کر دیا

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے راولپنڈی میں ملاوٹی دودھ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 800 لیٹر پانی ملا اور ناقص دودھ تلف کر دیا جبکہ متعلقہ دودھ بردار گاڑی کے مالک پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔

راولپنڈی۔3جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے راولپنڈی میں ملاوٹی دودھ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 800 لیٹر پانی ملا اور ناقص دودھ تلف کر دیا جبکہ متعلقہ دودھ بردار گاڑی کے مالک پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق شہریوں کو خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے علی الصبح موٹروے ٹول پلازہ پر ناکہ بندی کے دوران دودھ بردار گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس دوران ایک گاڑی میں موجود 5 ہزار لیٹر دودھ کو جدید آلات سے چیک کیا گیا تو اس میں سے 2 ہزار 800 لیٹر دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہوئی جسے انسانی استعمال کے لئے غیر موزوں قرار دیتے ہوئے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا تاکہ یہ دودھ مارکیٹ تک نہ پہنچ سکے۔

ترجمان کے مطابق ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے پر متعلقہ گاڑی کے مالک کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ فوڈ سیفٹی قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مختلف مقامات پر باقاعدگی سے ناکے لگا کر دودھ بردار گاڑیوں کی جانچ کی جاتی ہے تاکہ شہریوں کو ملاوٹ سے پاک اور معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ ملاوٹ یا غیر معیاری اشیائے خورونوش سے متعلق کسی بھی شکایت کی اطلاع فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں