چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سپیکر ایرانی پارلیمنٹ ڈاکٹر محمد باقر قالیباف سے ملاقات
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سپیکر ایرانی پارلیمنٹ ڈاکٹر محمد باقر قالیباف سے ملاقات

مزید خبریں
تہران۔4جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے تہران میں اسلامی مشاورتی اسمبلی (ایرانی پارلیمنٹ) کے سپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، علاقائی امن و استحکام، امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور عالمی امن کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے سپریم لیڈر کی شہادت پر ایرانی حکومت، پارلیمنٹ اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں اپنے برادر ملک ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن، استحکام اور ترقی پورے خطے کی خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے پر مشترکہ توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط، اقتصادی تعاون، تجارت اور عوامی سطح پر روابط کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے مشکل وقت میں پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ آزمائش کی گھڑی میں ایران کا مخلص اور حقیقی دوست ثابت ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام اور قیادت پاکستان اور اس کے عوام کو انتہائی قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات باہمی اعتماد اور اخوت پر استوار ہیں۔
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور ایران باہمی تعاون کو مزید فروغ دیتے ہوئے خطے میں امن، استحکام، ترقی اور عالمی سطح پر مثبت کردار کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔








