چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے بچوں کے تحفظ اور ذاتی تحفظ کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے بچوں کے تحفظ اور ذاتی تحفظ کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد

مزید خبریں
ملتان۔ 04 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر بچوں کے تحفظ سے متعلق خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کے زیر اہتمام ادارہ خودی سکول، ماڈل ٹاؤن میں آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں 60 سے زائد طلبہ، اساتذہ اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
سیشن کے دوران انچارج شعبہ عوامی آگاہی راؤ نوید مختار نے بچوں کو ذاتی تحفظ، بچوں کے استحصال سے بچاؤ، “گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ” اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 کے مؤثر استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ بچوں کو ہدایت دی گئی کہ کسی اجنبی شخص سے کوئی چیز نہ لیں، نہ ہی اس کے ساتھ جائیں، جبکہ ان کے تحفظ کے لیے “روکو، بھاگو، شور مچاؤ” کا سلوگن بھی سمجھایا گیا۔تقریب میں پرنسپل سندس نواز، سید عاصم رضا، سماجی رہنما نعیم اقبال نعیم، محمد ادیب اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
شرکاء میں بچوں کے تحفظ اور استحصال کی روک تھام سے متعلق آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ترجمان چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق مہم کا مقصد بچوں میں ذاتی تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 کی تشہیر کرنا ہے۔ آگاہی مہم کے تحت ہر ہفتے دو آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بچوں پر تشدد یا استحصال کی کسی بھی صورت میں فوری طور پر چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر اطلاع دیں۔








