رواں سال کے دوران 43 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، ترجمان پنجاب پولیس

رواں سال کے دوران 43 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، ترجمان پنجاب پولیس

لاہور۔4جولائی (اے پی پی):پنجاب پولیس صوبہ بھر میں پبلک سروس ڈلیوری اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے جس کے تسلسل میں رواں سال کے دوران 43 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 49 لاکھ 39 ہزار سے زائد چالان کیے گئے جبکہ 9 ارب 75 کروڑ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دھواں چھوڑنے والی 44 ہزار 151 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، 6785 گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا گیا جبکہ 28 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ بھی ضبط کیے گئے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں اور ترمیم شدہ ٹریفک قوانین، اصلاحات اور جدید نظام پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اوور لوڈنگ، اوور سپیڈنگ، کم عمر ڈرائیورز، ون وے کی خلاف ورزی اور دیگر خطرناک ٹریفک خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے خلاف کریک ڈاون جاری رکھا جائے۔آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز سخت ترین ایکشن لیا جائے اور ٹریفک چالانوں کے نادہندگان سے ریکوری کے لئے موثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز بے ہنگم ٹریفک کے خاتمے اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے مشترکہ اقدامات یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور منظم سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔