تعلیم یافتہ معاشرہ کبھی دیوالیہ نہیں ہو سکتا، تعلیم قومی ترقی اور معاشی استحکام کی بنیاد ہے،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

تعلیم یافتہ معاشرہ کبھی دیوالیہ نہیں ہو سکتا، تعلیم قومی ترقی اور معاشی استحکام کی بنیاد ہے،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

سیالکوٹ۔ 04 جولائی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہےکہ تعلیم یافتہ معاشرہ کبھی دیوالیہ نہیں ہو سکتا، تعلیم قومی ترقی اور معاشی استحکام کی بنیاد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں ایک نجی کالج کے سالانہ کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات اور فیکلٹی اراکین کو مبارکباد پیش کی اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ فارغ التحصیل طلبہ میں 80 فیصد طالبات شامل ہیں ۔

انہوں نے اسے ملک کے مستقبل کے لیے ایک حوصلہ افزا علامت قرار دیا۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ معاشرہ کبھی دیوالیہ نہیں ہو سکتا اور اس بات پر زور دیا کہ تعلیم قومی ترقی اور معاشی استحکام کی بنیاد ہے جس کے لئے معیاری تعلیم کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈگری حاصل کرنے کو سیکھنے کے عمل کے اختتام کے بجائے زندگی بھر جاری رہنے والے تعلیمی سفر کی شروعات کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علم کی کوئی حد نہیں ہوتی اور فارغ التحصیل طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ زندگی بھر اپنی مہارتوں اور فہم و ادراک کو وسعت دیتے رہیں۔ انہوں نے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور ایسے نصاب کی تشکیل پر زور دیا جو ملک کی بدلتی ہوئی سماجی اور معاشی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ سیاسی اختلافات فطری امر ہیں، لیکن ملک کے مفادات کو ہمیشہ مقدم رکھا جانا چاہیے، اور تمام سیاسی فریقین پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر وزیر نے کہا کہ ان کی سیاسی شناخت اور عوامی حیثیت سیالکوٹ کے عوام کی بدولت ممکن ہوئی۔ انہوں نے شہر کے رہائشیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کے خاندان کی آنے والی نسلیں، عوام کے اعتماد اور حمایت پر ہمیشہ سیالکوٹ کے لوگوں کی شکر گزار رہیں گی۔