ترک صدر کیساتھ ملاقات میں پا کستان–ترکیہ اسٹریٹجک شراکت داری کے تمام اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا،وزیراعظم شہبازشریف

ترک صدر کیساتھ ملاقات میں پا کستان–ترکیہ اسٹریٹجک شراکت داری کے تمام اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا،وزیراعظم شہبازشریف

استنبول ۔4جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کے صدر کیساتھ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، توانائی، روابط، ٹیکنالوجی، علاقائی امن اور عوامی سطح پر تعلقات سمیت پا کستان–ترکیہ سٹریٹجک شراکت داری کے تمام اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔

ہفتہ کو "ایکس” پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بتایا کہ تاریخی شہر استنبول میں اپنے نہایت عزیز بھائی، صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات میرے لیے باعثِ مسرت اور اعزاز تھی۔ ہماری گفتگو میں پاکستان–ترکیہ سٹریٹجک شراکت داری کے تمام اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا، جن میں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، توانائی، روابط، ٹیکنالوجی، علاقائی امن اور عوامی سطح پر تعلقات شامل تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے اس مشترکہ یقین کا اعادہ کیا کہ اختلافات کے پائیدار حل اور عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے مکالمہ، سفارت کاری اور باہمی احترام ہی واحد مؤثر اور دیرپا راستہ ہیں۔

میں نے صدر اردوان کی پرتپاک میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ہم نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ اپنی شراکت داری کی بے پناہ صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے باہمی تجارت کو 5 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کے متفقہ ہدف کو حاصل کریں گے اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے پاکستان–ترکیہ بزنس کانفرنس میں بھی شرکت کی، جہاں مجھے ترکیہ کی متحرک کاروباری برادری کے ممتاز نمائندوں سے ملاقات کا موقع ملا۔ ان کے عزم، جدت اور کاروباری جذبے نے میرے اس یقین کو مزید تقویت دی کہ صدر رجب طیب اردوان کی مدبرانہ قیادت میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی شراکت داری ایک نئے اور روشن دور میں داخل ہو رہی ہے۔