وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر لانگ روٹ کوچز کے خلاف کارروائی، متعدد گاڑیاں واپس روانہ، قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت

وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر لانگ روٹ کوچز کے خلاف کارروائی، متعدد گاڑیاں واپس روانہ، قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت

کوئٹہ۔ 04 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات، صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان محمد حیات کاکڑ اور سیکرٹری پروانشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان وحید شریف عمرانی کی ہدایات پر پی ٹی اے اور موٹروے پولیس کے عملے نے طور ناصر کراس کے مقام پر لانگ روٹ مسافر کوچز کے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔کارروائی کے دوران مختلف لانگ روٹ کوچز کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔ چیکنگ کے دوران جن گاڑیوں کے کاغذات نامکمل پائے گئے، روٹ پرمٹ موجود نہیں تھا، ڈرائیوروں کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھا یا دیگر ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں، انہیں فوری طور پر واپس روانہ کر دیا گیا اور مقررہ قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی گئی۔

حکام نے کوچ مالکان اور ڈرائیوروں کو سختی سے تنبیہ کی کہ تمام گاڑیاں مکمل قانونی دستاویزات، روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ، رجسٹریشن اور ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ہی سڑکوں پر لائی جائیں۔ بصورت دیگر آئندہ بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر حکام نے خصوصی طور پر لانگ روٹ کوچز میں اضافی پٹرول یا ڈیزل کے ٹینک نصب کرنے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل نہ صرف ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ مسافروں کی جان و مال کے لیے بھی انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ کوچ مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ فوری طور پر اضافی فیول ٹینک ہٹا دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔حکام کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان عوام کو محفوظ، معیاری اور قانون کے مطابق سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ٹریفک و ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی۔