میئر کراچی نے شیریں جناح کالونی میں حماد اعوان شہید پارک کا افتتاح کردیا

میئر کراچی نے شیریں جناح کالونی میں حماد اعوان شہید پارک کا افتتاح کردیا

کراچی۔ 04 جولائی (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے صدر ٹائون کی یوسی 13شیریں جناح کالونی میں نو تعمیر شدہ حماد اعوان شہید پارک کا افتتاح کردیا۔ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی شہر بھر میں عوامی سہولتوں کی فراہمی، سرسبز ماحول کے فروغ اور معیاری تفریحی مقامات کی تعمیر کے وژن پر عمل پیرا ہے اور اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر شیریں جناح کالونی میں یہ جدید پارک عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دس روز کے دوران کراچی کے دو بڑے ترقیاتی منصوبے بھی مکمل کرلیے جائیں گے جبکہ رواں سال شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز ہوگی۔

میئر کراچی نے کہا کہ جس مقام پر آج جدید پارک قائم کیا گیا ہے، ماضی میں وہاں کچرا کنڈی موجود تھی اور یہ جگہ منشیات کے عادی افراد کی آماجگاہ بن چکی تھی، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی نے اس جگہ کو مکمل طور پر تبدیل کرتے ہوئے جدید گرین بیلٹ، خوبصورت لینڈ اسکیپنگ، واکنگ ایریاز، بچوں کے کھیلنے کی سہولیات، نشستوں اور دیگر شہری سہولتوں سے آراستہ پارک میں تبدیل کردیا ہے تاکہ اہل علاقہ بالخصوص خواتین، بچوں اور بزرگوں کو صحت مند اور محفوظ تفریحی ماحول فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کلفٹن بلاک ٹو میں جدید گرین بیلٹ تعمیر کی گئی تھی جسے شہریوں نے بے حد پسند کیا اور شہر کے مختلف علاقوں سے لوگ وہاں آتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی کی خواہش پر فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی اسی معیار کے گرین بیلٹس اور پارکس تعمیر کیے جائیں تاکہ ہر علاقے کے شہریوں کو یکساں سہولتیں میسر آسکیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے دکھ سکھ میں ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی علاقے میں اس سے قبل پارک، ڈسپنسری اور مردہ خانے کا افتتاح کیا گیاتھا جبکہ بند پڑے آر او پلانٹ کو بھی فعال بنایا گیا تاکہ شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی سہولت میسر آسکے، تاہم اس منصوبے کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی شہر بھر میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے متعدد بڑے منصوبوں پر بیک وقت کام کر رہی ہے۔ آئندہ دس روز میں منور چورنگی انڈر پاس ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا جس سے شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی جبکہ پاکستان کے پہلے انڈسٹریل واٹر پارک کا افتتاح بھی جلد کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2026 کراچی میں ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولتوں اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کا سال ثابت ہوگا۔ میئر کراچی نے کہا کہ پہلوان گوٹھ میں تقریبا دو ارب روپے کی لاگت سے سڑک کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہے، مارٹن روڈ کی تعمیر بھی بلدیہ عظمی کراچی مکمل کرے گی جبکہ جہانگیر روڈ کی بحالی اور بہتری کا منصوبہ بھی تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر شہر بھر میں نالوں کی صفائی کا کام پہلے ہی شروع کردیا گیا ہے تاکہ بارش کے دوران نکاسی آب کا نظام موثر بنایا جاسکے۔ اس کے علاوہ شہر میں مزید مینگرووز پارکس اور گرین اسپیسز کے قیام پر بھی کام جاری ہے تاکہ ماحولیاتی بہتری کے ساتھ شہریوں کو معیاری تفریحی مقامات فراہم کیے جاسکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کے ایم سی کی حدود میں کسی بھی ادارے کو ترقیاتی کام شروع کرنے سے قبل متعلقہ قانونی اجازت حاصل کرنا ہوگی تاکہ منصوبے مربوط انداز میں مکمل کیے جاسکیں اور شہریوں کو بلا تعطل سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی شہر میں مزید 60 گرین اسپیسز، پارکس اور عوامی سہولتوں کے منصوبوں پر مرحلہ وار کام کر رہی ہے۔اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اور چیئرمین کرم اللہ وقاصی، وائس چیئرمین وسیم، منتخب بلدیاتی نمائندوں، بلدیہ عظمی کراچی کے متعلقہ افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی یہاں موجود تھی۔