منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد دلار خان نے کہا ہے کہ شہر کو سرسبز و شاداب اور خوبصورت بنانے کے لیے شجرکاری، پودوں کی نگہداشت اور گرین بیلٹس کی بحالی کا عمل بھرپور انداز میں جاری ہے
شہر میں شجرکاری، پودوں کی نگہداشت اورگرین بیلٹس کی بحالی کاعمل بھرپورانداز میں جاری ہے،ایم ڈی ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 06 جولائی (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد دلار خان نے کہا ہے کہ شہر کو سرسبز و شاداب اور خوبصورت بنانے کے لیے شجرکاری، پودوں کی نگہداشت اور گرین بیلٹس کی بحالی کا عمل بھرپور انداز میں جاری ہے۔انہوں نے بیان میں کہا کہ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی ٹیمیں جدید واٹر باؤزرز اور دیگر مشینری کی مدد سے نہ صرف پودوں کو پانی فراہم کر رہی ہیں بلکہ موسمی شدت کے باوجود ان کی حفاظت اور افزائش کو بھی یقینی بنا رہی ہیں۔ شہر کی مرکزی شاہراہوں، چوراہوں، پارکس اور گرین بیلٹس میں صفائی، گھاس کی تراش خراش، نئے پودوں کی شجرکاری اور پھولدار پودوں کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ شہریوں کو صاف، سرسبز اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہارٹیکلچر اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ عملے کو ہدایت کی کہ گرین بیلٹس اور پارکس کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور تمام علاقوں میں جاری کاموں کی مستقل نگرانی کی جائے تاکہ فیصل آباد کو خوبصورت، سرسبز اور ماحول دوست شہر بنایا جا سکے۔








