میڈیا معاشرے کا اہم ستون ہے، ایس پی کینٹ

ایس پی کینٹ حمزہ علی بٹ کے تبادلہ پر ان کے اعزاز میں ایبٹ آباد پریس کلب میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا

ایبٹ آباد۔ 6 جولائی (اے پی پی):ایس پی کینٹ حمزہ علی بٹ کے تبادلہ پر ان کے اعزاز میں ایبٹ آباد پریس کلب میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کا اہم ستون ہے، میڈیا کی مثبت تنقید اور اچھے کام پر تعریف سے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھے پولیس افسر کی پہچان عوام کے اعتماد کو بحال رکھنا ہے اور ایبٹ آباد میں کام کے دوران اس میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کے میڈیا کو دیگر اضلاع سے مختلف پایا ہے، یہاں کے لوگ اچھے ہیں، اظہار رائے حق ہے، میڈیا کو بغیر تحقیق کسی خبر کو نہیں چلانا چاہئے، اصلاح معاشرے میں صحافیوں کی بڑی ذمہ داری ہے۔

تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر افراسیاب زبیر ہندل نے کہا کہ ایس پی حمزہ علی بٹ نے ایبٹ آباد سے پہلے ڈی آئی خان میں بھی اچھا وقت گزارا ہے، ایبٹ آباد میں مجموعی طور پر امن و امان بہتر ہے۔ ایبٹ آباد کے عوام کےلئے خوش آئند بات ہے کہ یہاں ڈپٹی کمشنر سمیت ذمہ دار آفیسر موجود ہیں، شہر کے عوام کے مسائل کو حل کرنے میں اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔ انہوں نے ایس پی حمزہ علی بٹ کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر صدر پریس کلب سردار نوید عالم نے کہا کہ ایبٹ آباد کے لوگوں کا ایبٹ آباد پریس کلب پر بھرپور اعتماد ہے، ضلع میں جرائم کی بیخ کنی اور معاشرے کی اصلاح کے لئے کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے ایس پی حمزہ علی بٹ کی خدمات کو سراہا جنہوں نے ضلع میں جرائم کے خاتمہ کےلئے اپنی صلاحیتیوں کو بروئے کار لایا ۔تقریب میں جنرل سیکرٹری ایبٹ آباد پریس کلب راجہ منیر خان، صدر اے یو جے عاطف قیوم نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پی ایف یو جے کے مرکزی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل محمد شاہد چوہدری، ممبر ایگزیکٹو کونسل پی ایف یو جے محمد عامر شہزاد جدون، سابق صدر پریس کلب سردار شفیق احمد، سابق صدر اے یو جے سید طاہر شاہ، سابق جنرل سیکرٹری ندیم جدون، اسسٹنٹ سیکرٹری دلدار احمد ستی اور دیگر ممبران پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس موجود تھے۔