وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا 17واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقد ہوا
وزیرصحت پنجاب کی زیرصدارت فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا 17واں سینڈیکیٹ اجلاس،اہم منصوبوں اورنئے تعلیمی پروگرامز کی منظوری

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 06 جولائی (اے پی پی):وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا 17واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور الائیڈ ہسپتالوں کی ترقی، طبی سہولیات میں بہتری اور تعلیمی معیار کو مزید موثر بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب کی تمام طبی درسگاہوں کے مسائل کے حل کے لیے یکساں پالیسی متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ تعلیمی اور انتظامی امور کو موثر انداز میں چلایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے مسائل کے بروقت حل کے لیے تمام طبی درسگاہوں کے سینڈیکیٹ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں سے قائم سرکاری ہسپتالوں کو جدید، فعال اور بہترین بنانا حکومت پنجاب کا عزم ہے۔ انہوں نے پنجاب کی تمام طبی درسگاہوں کو معیاری تحقیق کو فروغ دینے، جدید طبی تعلیم کے فروغ اور تحقیق کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں مختلف ایجنڈا آئٹمز پر غور کیا گیا جبکہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے 16ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے منٹس کی متفقہ طور پر منظوری بھی دی گئی۔ شرکا نے یونیورسٹی اور اس سے منسلک تدریسی ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی ضروریات پر بھی بات کی۔اجلاس میں الائیڈ ہسپتال ون کے لیے طبی و لیبارٹری آلات کی مرمت کی منظوری دی گئی تاکہ مریضوں کو جدید اور بہتر تشخیصی و علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اسی طرح الائیڈ ہسپتال ٹو کے لیے 630 اور 400 کے وی اے کے نئے ٹرانسفارمرز کی خریداری کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی جس سے ہسپتال میں بجلی کی فراہمی کا نظام مزید مستحکم ہوگا۔اجلاس میں الائیڈ ہسپتال ٹو کی نئی میڈیکل ایمرجنسی میں مریضوں کے لواحقین کے لیے ویٹنگ ایریا کی تعمیر اور میڈیکل ایمرجنسی کے سامنے پیڈز ایمرجنسی قائم کرنے کے لیے بھی فنڈز کی منظوری دی گئی، جس سے ایمرجنسی سروسز کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔اجلاس میں فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی پروگرامز شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ ایچ ایس کے چائنیز لینگویج کورس، کلینیکل کیئر کورس میں انٹیگریٹڈ نیوٹریشن پروگرام اور دو سالہ و چار سالہ نرسنگ ڈگری پروگرام میں ایم ایس پروگرام شروع کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی جسے طبی تعلیم کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔








