ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیرصدارت کوچز کی کارکردگی اور سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا
وزیراعلی پنجاب یوتھ گیمز کی بھرپور تیاریاں جاری، رجسٹریشن جلد شروع کی جائے گی،محمد طارق قریشی

مزید خبریں
لاہور۔6جولائی (اے پی پی):ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیرصدارت کوچز کی کارکردگی اور سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد، زرینہ وقار اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب کے تمام ڈویژنز کے کوچز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ صوبے بھر میں سپورٹس اکیڈمیز کے دائرہ کار کو تمام ڈویژنز تک وسیع کرنے کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ کوچز کو اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو موثر انداز میں نکھارا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب یوتھ گیمز کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں اور ان مقابلوں کی رجسٹریشن جلد شروع کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ یوتھ گیمز کے تحت 19 مختلف کھیلوں کے مقابلے یونین کونسل کی سطح سے شروع ہو کر ضلعی، ڈویژنل اور پنجاب کی سطح تک منعقد کیے جائیں گے جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔محمد طارق قریشی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اجلاس کے دوران شرکا کو سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کی تیاریوں،انتظامات اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔








