"اپنا کھیت اپنا روزگار” سکیم کے تحت 30 ہزار خاندانوں کو زمین کی ملکیت فراہم کی جا رہی ہے، عظمی بخاری

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز عوامی خدمت، سماجی فلاح اور معاشی خودمختاری کے وژن پر تیزی سے عمل درآمد کر رہی ہیں۔

لاہور۔7جولائی (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز عوامی خدمت، سماجی فلاح اور معاشی خودمختاری کے وژن پر تیزی سے عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ "اپنی چھت اپنا گھر” اور "اپنی زمین اپنا گھر” جیسے انقلابی منصوبوں کے بعد اب "اپنا کھیت اپنا روزگار” سکیم کا آغاز کر کے حکومت پنجاب نے بے زمین اور مستحق خاندانوں کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اور تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ اپنے ایک بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ "اپنا کھیت اپنا روزگار” سکیم کے تحت 30 ہزار خاندانوں کو زمین کی ملکیت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے ذریعے ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد اپنے گھر کی چھت کے مالک بن چکے ہیں۔ اسی طرح "اپنی زمین اپنا گھر” پروگرام کے پہلے مرحلے میں دو ہزار خاندانوں میں مفت رہائشی پلاٹس تقسیم کیے جا چکے ہیں، جو عام آدمی کو باعزت رہائش فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا عملی اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کو بھی ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا ہے۔ پنجاب بھر میں 9 لاکھ کسان کارڈز، 30 ہزار گرین ٹریکٹرز تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ 5 ہزار کسانوں کو سپر سیڈر مشینیں اور 8 ہزار ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ان اقدامات سے زرعی پیداوار میں اضافہ، پیداواری لاگت میں کمی اور کسانوں کی آمدن میں بہتری آئے گی۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الحمدللہ آج پنجاب میں عوامی خدمت کے منصوبے صرف اعلانات تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔ ترقی اور خوشحالی کا سفر اٹک سے رحیم یار خان تک پھیل چکا ہے اور ہر ضلع میں عوام حکومتی اقدامات کے ثمرات سے مستفید ہو رہے ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں اور ان کی سیاست کا محور صرف عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز مخالفین کے جھوٹ، منفی پروپیگنڈے اور بے بنیاد الزامات کا جواب صرف اپنی کارکردگی، شفاف طرزحکمرانی اور عوامی خدمت سے دے رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام خدمت کرنے والوں اور محض الزام تراشی کی سیاست کرنے والوں میں فرق بخوبی جانتے ہیں۔ پنجاب حکومت اپنی تمام تر توانائیاں عوام کی ترقی، خوشحالی اور معیارِ زندگی بہتر بنانے پر صرف کر رہی ہے اور یہی وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت کا نمایاں وصف ہے۔

مزید خبریں