اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان اور چین کی ووہان ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور تعلیمی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اعلیٰ تعلیمی کمیشن اور ووہان ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون بڑھانے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور چین کی ووہان ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
یہ اتفاق رائے منگل کو ایچ ای سی میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہوا جس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاء الحق نے کی۔ اجلاس میں ایچ ای سی کے سینئر حکام، نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، پاکستان سائنس فاؤنڈیشن، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ چین کی ووہان ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے سکول آف بائیومیڈیکل انجینئرنگ کے وفد نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ڈاکٹر ضیاء الحق نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایچ ای سی بین الاقوامی تعلیمی شراکت داری کے فروغ، تحقیقی تعاون، ادارہ جاتی استعداد میں اضافے اور علم کے تبادلے کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیحات کے مطابق مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔چینی وفد نے ووہان ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں اور تحقیقی سرگرمیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے ٹیکسٹائل اور فائبر ٹیکنالوجی، سینسر ٹیکنالوجی اور جینیاتی انجینئرنگ کے شعبوں میں اپنی مہارت سے آگاہ کیا۔ وفد نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے ساتھ جاری تعاون کا بھی ذکر کیا اور پاکستان کی مزید جامعات کے ساتھ روابط قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔اجلاس میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلے، تحقیقی طلبہ کی مشترکہ نگرانی، سینڈوچ پروگرامز اور انڈرگریجویٹ سطح پر تعلیمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وفد نے کہا کہ چین میں انڈرگریجویٹ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند پاکستانی طلبہ کے لئے چینی زبان پر عبور ضروری ہے، لہٰذا پاکستانی جامعات میں چینی زبان کے پروگراموں کو فروغ دیا جانا چاہئے تاکہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔ وفد نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت ایچ ای سی کے ساتھ مشترکہ علمی کانفرنسوں، نصاب کی تیاری اور ٹیکسٹائل و فائبر ٹیکنالوجی کو پاکستانی جامعات میں ایک تعلیمی شعبے کے طور پر فروغ دینے کے لئے تعاون کی بھی پیشکش کی۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایچ ای سی ایسے پاکستانی جامعات کی نشاندہی کرے گا جو ووہان ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے ساتھ انڈرگریجویٹ سطح پر تعلیمی تعاون کا آغاز کرنا چاہتی ہیں جس کے بعد باہمی مفاہمتی یادداشتوں کے ذریعے باقاعدہ شراکت داری قائم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیق، پاکستانی جامعات میں چینی زبان کے پروگراموں کے فروغ، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے ساتھ ممکنہ تعاون اور یونیورسٹیوں کے تکنیکی عملے کے لئے قلیل مدتی تربیتی اور سرٹیفکیٹ پروگراموں کے آغاز کے امکانات کا بھی جائزہ لینے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں دیرپا ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔








