آر پی او راولپنڈی کی انجمن تاجران کے وفد سے ملاقات، تاجروں کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی

آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے انجمن تاجران راولپنڈی کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اور ان کے مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

راولپنڈی۔7جولائی (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے انجمن تاجران راولپنڈی کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق انہیں درپیش مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفد کی قیادت صدر انجمن تاجران راولپنڈی کینٹ منیر بیگ مرزا نے کی، جبکہ اس میں صدر بازار، ٹینچ بھاٹہ، ڈھیری حسن آباد، رحمان آباد، چکلالہ سکیم تھری اور دیگر علاقوں کے تاجر نمائندوں نے شرکت کی۔وفد میں چوہدری اظہر محمود، راجہ پرویز اختر، چوہدری ناصر، ذوالفقار احمد، علی اصغر، شیخ حفیظ، ظفر قادری، علی دھنیال، چوہدری محمد حسین، سمیع اللہ، محمد مختار، ملک اعجاز، شیخ حفیظ احمد، ملک ناصر، شیخ اکمل اور وسیم احمد سمیت دیگر تاجر رہنما شامل تھے۔ملاقات کے دوران تاجروں نے کاروباری سرگرمیوں، سکیورٹی اور دیگر مسائل سے متعلق اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں۔ آر پی او نے ان کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری کارروائی اور مسائل کے حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اس لیے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری کارروائیوں میں تاجر برادری کا تعاون قابلِ تحسین ہے اور اس باہمی تعاون سے شہریوں کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔آر پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ راولپنڈی ریجن میں تاجروں کے لیے محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

مزید خبریں