عبدالستار ایدھی نہ صرف انسان دوست تھے بلکہ قومی وقار اور فخر کی ایک دائمی علامت بھی تھے ، صدرمملکت آصف علی زرداری کا عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی انسان دوستی، خدمتِ خلق اور قومی وقار کی دائمی علامت تھے، جن کی پوری زندگی انسانیت کی بے لوث خدمت اور ہمدردی کے لیے وقف رہی۔

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی نہ صرف انسان دوست تھے بلکہ قومی وقار اور فخر کی ایک دائمی علامت بھی تھے ،ان کی زندگی خدمت اور ہمدردی کا بے مثال نمونہ تھی۔

عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی پر ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آج پوری قوم ایک ایسی شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کررہی ہے جن کی زندگی خدمت اور ہمدردی کا بے مثال نمونہ تھی، عبدالستار ایدھی نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ غریبوں، بے سہارا، لاوارث اور معاشرے کے نظرانداز کئے گئے افراد کے دکھ درد کم کرنے کے لئے وقف کر دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے لئے ان کی بے مثال وابستگی ذات، نسل، مذہب اور عقیدے کی تمام حدوں سے بالاتر تھی، انہوں نے ثابت کیا کہ حقیقی عظمت بے غرض خدمتِ خلق میں مضمر ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے ذریعے انہوں نے سماجی بہبود کا ایک وسیع اور مضبوط نظام قائم کیا، انہوں نے دنیا کا سب سے بڑا رضاکارانہ ایمبولینس نیٹ ورک تشکیل دیا جو ہر مشکل گھڑی میں ضرورت مندوں کے لئے سہارا ثابت ہوا، ان کی قائم کردہ پناہ گاہیں، یتیم خانے اور مفت لنگر خانے بے گھر، نادار اور کمزور افراد کے لئے امید کی کرن بنے۔صدر مملکت نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے ثابت کیا کہ ایک فرد کا پختہ عزم، عوامی خدمت کا ایک مکمل نظام قائم کر سکتا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نہ صرف انسان دوست تھے بلکہ قومی وقار اور فخر کی ایک دائمی علامت بھی تھے، ان کی انتھک محنت سے قائم ہونے والے ادارے آج بھی لاکھوں افراد کی خدمت کر رہے ہیں اور ان کے بلند وژن کی زندہ مثال ہیں، ان کی میراث ہمیں ہمدردی، ایثار اور انسان کے وقار کے تحفظ جیسے اعلیٰ اقدار کو فروغ دینے کی مسلسل ترغیب دیتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ عبدالستار ایدھی کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے انسانیت کے رشتوں کو مضبوط کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کی شفقت، محبت اور خدمت کا روشن چراغ ہمیشہ جلتا رہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے۔

مزید خبریں