وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی پر شدید اظہار افسوس

عبدالعلیم خان کا بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے وطن عزیز کے دفاع، سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پاک فوج اور پولیس کے ان جری سپوتوں کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ عبدالعلیم خان نے ملک دشمن عناصر کو سخت ترین پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گرد عناصر اور ان کے مقامی سہولت کار اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی اس لہر کے خلاف جنگ کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا اور انشاء اللہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ اس نازک وقت میں پوری پاکستانی قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ متحد کھڑی ہے اور سکیورٹی اداروں کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے وطن پر جان نثار کرنے والے تمام شہداء کے درجات کی بلندی، ان کے پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل اور دہشت گردی کے ان واقعات میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔