گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کیپٹن (ر ) اسداللہ نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں خیبرپختونخوا میں جاری اور مجوزہ شاہراہوں کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن (ر ) اسداللہ کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کیپٹن (ر ) اسداللہ نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں خیبرپختونخوا میں جاری اور مجوزہ شاہراہوں کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر آفس کے مطابق ملاقات کے دوران ہزارہ ایکسپریس وے، چکدرہ-دیر-چترال روڈ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سی پیک کے تحت پنیالہ انٹرچینج ، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹبی قیصرانی ،ڈیرہ غازی خان منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ منصوبوں کی بروقت تکمیل، فنڈز کی دستیابی اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی معاشی ترقی، سیاحت کے فروغ اور علاقائی روابط کے استحکام کے لیے جدید اور معیاری شاہراہوں کا جال ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہزارہ ایکسپریس وے اور چکدرہ-دیر-چترال روڈ جیسے منصوبے نہ صرف شمالی اضلاع کے عوام کے لیے سفری سہولت فراہم کریں گے بلکہ سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔
گورنر نے پنیالہ انٹرچینج کو سی پیک کے مغربی روٹ کے لیے ایک اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی بروقت تکمیل سے جنوبی خیبرپختونخوا خصوصاً ڈیرہ اسماعیل خان اور ملحقہ علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور قومی شاہراہی نیٹ ورک سے رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے این ایچ اے حکام پر زور دیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ غازی خان سڑک کو دورویہ کرنے کے منصوبہ پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ گورنر نے کہا کہ نائیویلہ اور پروا بائی پاس روڈ بھی اس منصوبہ میں شامل کئے جائیں کیونکہ یہ مقامی آبادی کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ گورنر کو بتایا گیا کہ ایبٹ آباد میں ہزارہ ایکسپریس وے پر 3.36 ملین روپے سے شیروان انٹرچینج پر فنڈز ملتے ہی کام شروع کردیا جائے گا ،لواری ٹنل پر کام جاری ہے ، شاہ عیسی انٹرچینج کے حوالہ سے پیش رفت جاری ہے۔ گورنرنے مستونگ چترال روڈ کے ناقص کام پر ایکشن لینے اور منصوبہ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انہیں ہکلہ ٹو ڈیرہ اسماعیل خان سی پیک روڈ پر ضروری مرمتی کام کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔








