پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے ملک کے مثبت سفر، ترقی اور خوشحالی کو روکنے کی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں امن کو پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے ملک کے مثبت سفر، ترقی اور خوشحالی کو روکنے کی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، بلوچستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے اندرونی اور بیرونی دہشت گرد نیٹ ورکس کو کچل کر رکھ دیں …

کوئٹہ۔9جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں امن کو پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے ملک کے مثبت سفر، ترقی اور خوشحالی کو روکنے کی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، بلوچستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے اندرونی اور بیرونی دہشت گرد نیٹ ورکس کو کچل کر رکھ دیں گے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ کے دوران کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری، ہلال جرات)، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ کے ہمراہ کوئٹہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کو بلوچستان کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بالخصوص حالیہ دہشت گردی کے واقعات، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور صوبے کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔

وزیراعظم نے فرض کی راہ میں عظیم قربانی پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ پوری قوم کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں امن پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے ملک کے مثبت سفر، ترقی اور خوشحالی کو روکنے کی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے خلاف لڑنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کوششوں اور عزم کا اعتراف کیا۔

انہوں نے بلوچستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ’زیرو ٹالرینس‘ کی پالیسی پر زور دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان صوبے کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے اندرونی اور بیرونی دہشت گرد نیٹ ورکس کو کچل کر رکھ دے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے، ریاست کی رٹ مضبوط بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی تاکہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور مواقع سے بھرپور مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔