دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تحت مختلف ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

"دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کے تحت مقامی آبادی کی فلاح و بہبود اور علاقائی ترقی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اعتماد سازی کی اہم مثال ہے۔”

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تحت واپڈا کی جانب سے اعتماد سازی کے اقدامات کے طور پر 97 کروڑ 25 لاکھ روپے کی لاگت سے مقامی لوگوں کیلئے مختلف ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کیلئے واپڈا اور دیامر کی ضلعی انتظامیہ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔

جمعرات کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ارشد مجید کی موجودگی میں جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ ڈاکٹر انجینئر نزاکت حسین اور ڈپٹی کمشنر دیامر لیفٹیننٹ (ر)محمد اویس عباسی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق مذکورہ ترقیاتی سکیمیں مقامی لوگوں کی مشاورت کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں گلگت بلتستان کے متعلقہ محکموں کے ذریعے مکمل کی جائیں گی۔ ضلعی انتظامیہ، واپڈا اور مقامی لوگوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی ترقیاتی سکیموں کے معیار اور ان پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر مقامی لوگوں کیلئے انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 78 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ تھور اور تھک کے دو پن بجلی گھروں اور کیڈٹ کالج چلاس سمیت پراجیکٹ ایریا میں کئی ترقیاتی سکیمیں پہلے ہی مکمل کی جاچکی ہیں۔