چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا دورہ قصور

"ریونیو نظام میں شفافیت، جدید اصلاحات اور عوام کو بروقت خدمات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔”

قصور ۔ 09 جولائی (اے پی پی):چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (PLRA) چوہدری طارق سبحانی نے ضلع قصور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا اور رکن پنجاب اسمبلی حاجی محمد نعیم صفدر انصاری کے ہمراہ ڈی سی کمیٹی روم میں ریونیو افسران کے اہم اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

اجلاس میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے پلس پراجیکٹ، گرین سرٹیفکیٹس کے اجراء، اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، سروس ڈیلیوری اور اراضی سے متعلقہ دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو غلام مصطفیٰ خان نے اجلاس کو جاری منصوبوں، ریونیو اصلاحات اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات سے متعلق جامع بریفنگ دی۔چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی چوہدری طارق سبحانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق اراضی ریکارڈ کے نظام کو مزید شفاف، جدید اور عوام دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریونیو سے متعلقہ تمام معاملات مقررہ مدت میں میرٹ اور شفافیت کے ساتھ نمٹائے جائیں جبکہ شہریوں کو بروقت، آسان اور معیاری خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔بعد ازاں چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی چوہدری طارق سبحانی نے رکن پنجاب اسمبلی حاجی محمد نعیم صفدر انصاری اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو غلام مصطفیٰ خان کے ہمراہ قصور اراضی ریکارڈ سنٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سروس ڈیلیوری کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، درخواستوں پر بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور اراضی ریکارڈ سے متعلق تمام خدمات شفاف، تیز رفتار اور خوش اسلوبی سے فراہم کی جائیں۔اجلاس اور دورے کے دوران ریونیو افسران اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے