نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن، سیالکوٹ چیمبر اور جامعات کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

"جامعات، صنعت اور تحقیقی اداروں کے درمیان مؤثر اشتراک تحقیق، جدت، پیداواری صلاحیت اور برآمدات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔”

سیالکوٹ،09 جولائی (اے پی پی):گرینڈ ایشین یونیورسٹی سیالکوٹ نے نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن اسلام آباد، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سیالکوٹ کی جامعات کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ اس شراکت داری کا مقصد جامعات میں تحقیقی تجربہ گاہوں کو مضبوط بنانا، اکیڈمیا اور صنعت کے درمیان تعاون کا فروغ دینا اور سیالکوٹ کی کاٹیج و برآمدی صنعتوں میں جدت، پیداواری صلاحیت ، ٹیکنالوجی کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

تقریب کے دوران پروفیسر ڈاکٹر شریف بھٹی نے گرینڈ ایشین یونیورسٹی، سیالکوٹ کی جانب سے یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اسلام کی نمائندگی کرتے ہوئے نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔اس موقع پر مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ جامعات، تحقیقی اداروں صنعتی شعبے کے درمیان مضبوط روابط سے جدید تحقیق، اختراع صنعتی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی، جبکہ مقامی صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے میں بھی مدد ملے گی۔اس موقع پر گرینڈ ایشین یونیورسٹی کی جانب سے کہا گیا کہ یہ اشتراک ادارے کے اس عزم کا مظہر ہے کہ صنعت اکیڈمیا کے درمیان مؤثر روابط کو فروغ دیا جائے، عملی تحقیق کو تقویت دی جائے اور پاکستان میں پائیدار صنعتی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا جائے۔