ایبٹ آباد،ڈپٹی کمشنر کا لورہ میں سیٹلمنٹ آپریشن اور عوامی خدمات کا جائزہ،سروس ڈیلیوری مزید بہتر بنانے کی ہدایت

"عوام کو بہتر سرکاری خدمات کی فراہمی، ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور بازاروں میں انتظامی امور کو مؤثر بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔” — سرمد سلیم اکرم

ایبٹ آباد۔ 09 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے تحصیل لورہ کا دورہ کرتے ہوئے سیٹلمنٹ کمپلیکس،تحصیل آفس اور بازار کا معائنہ کیا۔

انہوں نے جاری سیٹلمنٹ آپریشن، ریکارڈ کی درستگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ متعلقہ حکام سے پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ بھی حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر نے دفتری امور میں شفافیت،بروقت سروس ڈیلیوری اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔بعد ازاں، انہوں نے لورہ بازار کا دورہ کرتے ہوئے دکانداروں کو صفائی برقرار رکھنے،سرکاری نرخ ناموں کی پابندی اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی تاکید کی۔