جنوبی افریقہ ویمنز انڈر19 کرکٹ ٹیم پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے (کل) جمعہ کو کراچی پہنچے گی

جنوبی افریقہ ویمنز انڈر19 کرکٹ ٹیم پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے (کل) جمعہ کو کراچی پہنچے گی

لاہور۔9جولائی (اے پی پی):جنوبی افریقہ ویمنز انڈر19 کرکٹ ٹیم پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے (کل)جمعہ کو کراچی پہنچے گی۔ مہمان ٹیم کی آمد کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور انہیں قائداعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے وی آئی پی پروٹوکول کے تحت ہوٹل منتقل کیا جائے گا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کی انڈر 19 ویمن ٹیموں کے درمیان یہ سیریز 14 سے 24 جولائی تک نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلی جائے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں، جو آئندہ اے سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اہم حصہ تصور کیے جا رہے ہیں۔

سیریز سے قبل دونوں سکواڈز 11 سے 13 جولائی تک شبانہ پریکٹس سیشنز میں شریک ہوں گے تاکہ کھلاڑیوں کو میچ کنڈیشنز سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ شیڈول کے مطابق پہلا میچ 14 جولائی، دوسرا 17 جولائی، تیسرا 19 جولائی، چوتھا 22 جولائی جبکہ پانچواں اور آخری مقابلہ 24 جولائی کو کھیلا جائے گا۔پاکستان انڈر 19 ویمن ٹیم کی قیادت فضا فیاض کریں گی جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کی کپتان نیکی وین سورس ہوں گی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ویمنز انڈر 19 فٹنس اینڈ اسکلز کیمپ بھی اختتام پذیر ہو چکا ہے، جس کے بعد منتخب 17 رکنی اسکواڈ کو مقامی ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ سیریز سے قبل حتمی تیاریوں کو مکمل کیا جا سکے۔