وزیر داخلہ محسن نقوی کا بلوچستان میں خوارجیوں کے خلاف انتہائی کامیاب کارروائیاں کرنے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف ان کے عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں خوارجیوں کے خلاف انتہائی کامیاب کارروائیاں کرنے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ مزید 13 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر وہ پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کے بہادر جوانوں کی جرات کو سراہتے ہیں اور ان پر پوری قوم کو ناز ہے۔محسن نقوی نے واضح الفاظ میں کہا کہ بلوچستان میں ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم یکجان ہے اور دہشت گردی کی اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے عوام اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مادر وطن کے امن کو سبوتاژ کرنے والے ان عناصر کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔