ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پاکستان-بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت بنگلہ دیشی طلبہ کے لئے علامہ محمد اقبال سکالرشپس کے دوسرے بیچ کے امیدواروں کا سکالرشپ انٹری ٹیسٹ کامیابی سے منعقد کیا۔
ایچ ای سی کا بنگلہ دیشی طلبہ کے لئے علامہ محمد اقبال سکالرشپس کے دوسرے بیچ کے امیدواروں کا سکالرشپ انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پاکستان-بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت بنگلہ دیشی طلبہ کے لئے علامہ محمد اقبال سکالرشپس کے دوسرے بیچ کے امیدواروں کا سکالرشپ انٹری ٹیسٹ کامیابی سے منعقد کیا۔
ایچ ای سی کے مطابق بنگلہ دیش کے شہروں سلہٹ، رنگ پور اور بریسال میں منعقدہ انٹری ٹیسٹ میں تقریباً 500 امیدواروں نے شرکت کی۔ امیدواروں کی بڑی تعداد اس بات کی عکاس ہے کہ بنگلہ دیشی طلبہ میں پاکستان کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع سے استفادہ کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے جبکہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون اور روابط کو مزید مستحکم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
ایچ ای سی نے کہا کہ علامہ محمد اقبال سکالرشپ پروگرام پاکستان-بنگلہ دیش نالج کوریڈور کا اہم حصہ ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان علمی، تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو معیاری اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ کمیشن نے امتحان کے شفاف، منظم اور کامیاب انعقاد میں بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس کی خدمات پر اظہارِ تشکر کیا۔
ایچ ای سی کے مطابق یہ اسکالرشپ پروگرام دونوں برادر ممالک کے درمیان عوامی روابط، تعلیمی تبادلوں اور باہمی اعتماد کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔








