بہاماس کے نارتھ اینڈروس جزیرے پر فلیمنگو ایئر کا چھوٹا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 10 افراد ہلاک ہوگئے۔
بہاماس میں چھوٹا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 10 افراد ہلاک

مزید خبریں
ناساؤ۔11جولائی (اے پی پی):بہاماس کے دارالحکومت ناساؤ کے مغرب میں واقع نارتھ اینڈروس جزیرے پر فلیمنگو ایئر کا ایک چھوٹا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 10 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
شنہوا کے مطابق بہاماس کی پولیس کمشنر شانتا نولز نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ طیارے میں 9 مسافر اور ایک پائلٹ سوار تھا۔ امدادی ٹیموں نے حادثے کے مقام پر ایک شخص میں زندگی کی معمولی علامات دیکھی تھیں، تاہم بعد ازاں اس کی بھی موت کی تصدیق کردی گئی۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس کے تفتیشی افسران کو اینڈروس جزیرے بھیج دیا گیا ہے، جہاں واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔بہاماس کی ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن اتھارٹی کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ طیارہ لنڈن پنڈلنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز کرنے کے بعد سان اینڈروس ایئرپورٹ جا رہا تھا۔ لینڈنگ سے قبل اسے فنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ جھاڑیوں میں گر کر تباہ ہوگیا۔بہاماس مغربی بحرِ اوقیانوس میں بحیرۂ کیریبین کے شمال میں واقع ایک جزیرہ نما ملک ہے، جہاں 700 سے زائد جزائر اور 2 ہزار 400 سے زیادہ چھوٹے جزیرے موجود ہیں۔ مختلف جزائر کے درمیان آمدورفت کے لیے چھوٹے طیارے نقل و حمل کا ایک اہم ذریعہ سمجھے جاتے ہیں۔








